پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ، میزبان اور سماجی کارکن مشی خان نے گلوکار طلحہ انجم کے بھارتی پرچم لہرانے کے معاملے پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
مشی خان مقبول متعدد ڈراموں میں اپنی لازوال اداکاری کے باعث شہرت رکھتی ہیں، وہ سماجی معاملات اور غیر ذمہ دارانہ رویوں پر دوٹوک مؤقف رکھنے سے متعلق بھی پہچانی جاتی ہیں۔
حال ہی میں مشی خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے طلحہ انجم کی جانب سے نیپال کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرانے کی وضاحت کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’شرمناک‘ قرار دے دیا۔
ویڈیو میں مشی خان نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ ہمیں کوئی فوبیا ہے یا ہم میں خودداری کی کمی ہے، ہمارے فنکار کہتے ہیں کہ ہم نفرت نہیں، محبت پھیلاتے ہیں، میں جانتی ہوں کہ محبت و امن پھیلانا اچھی بات ہے، مگر جب وہ ہمارے ملک کی توہین کریں تو آپ بھارتی جھنڈا کیوں لہراتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ایک بھارتی فین نے پرچم پھینکا اور آپ نے اسے اٹھا کر لہرا دیا، یہاں تک کہ اسے کندھے پر بھی رکھ لیا، آپ آسانی سے ان کے عمل سے متاثر ہو گئے، اگر یہی عمل کسی بھارتی گلوکار نے کیا ہوتا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ امن کو فروغ دینا ایک الگ بات ہے، مگر کسی پاکستانی کو بھارتی پرچم اٹھا کر لہرانا زیب نہیں دیتا، یہ سب حد سے زیادہ دوسروں کو خوش کرنے کا رویہ ہے، جو بالکل شرمناک ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ طلحہ انجم کو چاہیے تھا کہ وہ پرچم لینے کے بجائے صرف شکریہ ادا کرکے اسے ایک طرف رکھ دیتے۔
دوسری جانب، طلحہ انجم پر نیپال کنسرٹ کے دوران اسٹیج پر بھارتی پرچم لہرانے، اسے بوسہ دینے اور کندھے پر اوڑھنے پر سخت عوامی ردِعمل سامنے آرہا ہے۔
گلوکار نے اس عمل کو ’آرٹ اور انٹرٹینمنٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی‘ قرار دیتے ہوئے دفاع کیا تھا، مگر عوام کی بڑی تعداد اسے ناقابلِ قبول قرار دے رہی ہے۔