بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں، اس موقع پر انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اپنا وزن کم کرنے کی اصل وجہ بھی بتادی۔
سوناکشی سنہا نے بتایا کہ بچپن سے ہی میرا وزن کافی زیادہ تھا، وزن میں کمی کا سفر میں نے کالج کے دوران شروع کیا اور اس کا مقصد صرف دکھاوا نہیں تھا، میں اچھا لگنا چاہتی تھی، لیکن میں نے یہ صحت کے لیے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 18 سال کی عمر میں ٹریڈمل پر 30 سیکنڈ سے زیادہ نہیں دوڑ پاتی تھی اور اس نے مجھے بہت متاثر کیا، پھر میں نے سوچا کہ میں اس غیر صحت مند زندگی کو نہیں جینا چاہتی۔
سوناکشی سنہا نے کہا کہ میں نے وزن کم کرنے کے لیے یوگا، جم، کارڈیو، پائلٹس اور دیگر سیشنز سمیت ہر ممکن کوشش کی، میں نے تقریباً 6 ماہ پہلے پائلٹس شروع کیا اور یہ میرے لیے بہت موزوں ہے، مشینوں پر ہزاروں ورزشیں کی جا سکتی ہیں، اس لیے کبھی بور نہیں ہوتی، میں روزانہ کچھ نیا کر سکتی ہوں، مجھے پائلٹس ریفارمر پر کام کرنا بہت پسند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنا وزن 95 کلو سے 65 کلو تک کم کیا، 15 سالہ کیریئر میں وزن برقرار رکھنا بھی ایک چیلنج ہے، خاص طور پر جب آپ کھانے کے شوقین ہوں۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ کبھی کبھار وزن بڑھنے کی وجہ سے میرے حاملہ ہونے کی افواہیں بھی گردش میں آئیں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں دیگر لڑکیوں کے لیے ایک مثالی رول ماڈل بننا چاہتی ہوں اور ان سے کہنا چاہتی ہوں کہ بس صحت مند رہیں۔