پاک افغان سرحد پر چترال کے علاقے کیلاش میں دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں جدید اسلحے کے ساتھ دو فوجی چوکیوں پر حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشت گرد مارے گئے اور کئی زخمی ہوئے۔
حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 بہادر جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق متعدد دہشتگردوں نے جدید اسلحے کے ساتھ دو فوجی چوکیوں پر حملہ کیا۔
سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 12 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد شدید زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے حملے پسپا کرکے دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا، سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو مؤثر بروقت جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نورستان، کنڑ میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت سے افغان عبوری حکومت کو بروقت آگاہ کیا گیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ امید ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، افغان عبوری حکومت پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے اپنی سرزمین استعمال کرنے نہیں دے گی۔
آئی ایس پی آر خطرے کے انتباہ کے باعث چیک پوسٹیں پہلے ہی چوکس تھیں، ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں، فوجی جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔