وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین ڈاکٹرز ملک کے صحت کے نظام کا قیمتی سرمایہ ہیں، ڈاکٹر بننا محض ڈگری حاصل کرنا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا عہد ہے۔
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، امیر ہو یا غریب، ان کے لیے سب برابر ہیں اور ایسے مریضوں کا علاج ان کی ترجیح ہے جن کے پاس وسائل نہیں، گزشتہ سال 10 کروڑ افراد نے سرکاری اسپتالوں میں علاج کروایا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، پنجاب کے ہر ضلع میں امراض قلب کے یونٹس قائم ہیں اور جدید ترین کیتھ لیبز بھی موجود ہیں، جو بعض نجی اسپتالوں میں بھی دستیاب نہیں۔ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بھی فعال ہو چکا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ کئی سال سے ڈاکٹروں کی ہڑتال کی خبریں سامنے نہیں آئیں اور بیرون ملک جانے والے ڈاکٹرز بھی واپس آ رہے ہیں۔
مریم نواز نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی انہیں بلیک میل کر رہا ہے تو ضرور رپورٹ کریں۔ جو خواتین اپنی شناخت خفیہ رکھنا چاہتی ہیں، وہ بھی شکایت درج کرا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بچی شکایت لے کر آئے تو اس کی بات توجہ سے سنیں اور اسے سمجھیں۔ کالجوں اور ٹرانسپورٹ میں بھی ہنگامی مدد کے لیے حفاظتی بٹن نصب کیے جا رہے ہیں۔