جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی وعدے سے نہ پھرتی تو اس وقت الیکشن ہو جاتے۔
لاہور میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن فروری کے آخر تک ہوں گے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ایم کیو ایم، اختر مینگل اور دیگر نے فوری الیکشن کا فیصلہ کیا تھا لیکن پیپلز پارٹی فیصلے سے پھر گئی اور تحریک عدم اعتماد لانے پر زور دیا، اگر پیپلز پارٹی ایسا نہ کرتی تو الیکشن ہو جاتے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ جو حالات قبائلی علاقوں میں ہیں ان میں الیکشن مہم چلانا مشکل ہے، جمہوری ممالک میں نگراں حکومتوں کا تصور ہی نہیں ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین کو لانے والوں نے اعتراف کیا کہ ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے، پی ٹی آئی کو اس لیے لایا گیا تھا کہ ملک کو معاشی طور پر کمزور کیا جائے۔