بھارتی ریاست اتر پردیش کے رہائشی نے ماں کو دھوکا دینے پر باپ اور دادا کو قتل کر ڈالا۔
بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق قاتل، جیسمین نے اپنے والد وکرم اجیت راؤ اور دادا رام کمار کا قتل گاؤں میں زیر تعمیر فلم اسٹوڈیو میں کیا جس وقت وہ دونوں سو رہے تھے۔
پولیس کے مطابق گریٹر نوئیڈا کے علاقے دنکور میں ایک 21 سالہ بیٹے نے مبینہ طور پر اپنے والد اور دادا کو قتل کر ڈالا، ملزم جیسمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور 7 ستمبر کی رات ہونے والے دوہرے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
21 سالہ ملزم جیسمین کی جانب سے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق پورا خاندان اس کے والد کی بے حیائی اور اس کی والدہ کے ساتھ ناروا سلوک سے پریشان تھا۔
21 سالہ جیسمین نے والد پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ مقتول والد اس کی والدہ پر تشدد اور ہراساں کرتا تھا جس پر والدہ نے بچوں سمیت سسرال چھوڑ دیا تھا، اس کا والد اور داد گریٹر نوئیڈا میں خاندان سے الگ رہتے تھے اور مل کر اس کی والدہ کو طلاق دینے کی تیاری کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق جیسمین نے والد کو قتل کرنے کے لیے اس کے چہرے، گردن اور سر پر کلہاڑی سے حملہ کیا جس پر پاس ہی چارپائی پر سوئے ہوئے دادا کی آنکھ کھل گئی۔
اس کے بعد جیسمین نے پہچانے جانے کے خوف سے دادا کے بھی سر، گردن اور چہرے پر ہتھوڑے سے حملہ کیا اور اس کے بعد ہتھیاروں کو ایک بند باتھ روم کے قریب پھینک کر اپنے گھر چلا گیا۔
گریٹر نوئیڈا کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) اشوک کمار نے بتایا ہے کہ پولیس نے ہتھیار برآمد کر لیے ہیں اور ملزم کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔