مسلم لیگ (ن) کی قیادت عام انتخابات اور نواز شریف کی وطن واپسی پر ہونے والی بیٹھک میں طے پایا ہے کہ ن لیگی قائد 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور ملک سے بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بھرپور مشاورت کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف پاکستان آئیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان نواز شریف کی واپسی کا منتظر ہے، عام انتخابات کرانا الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا کام ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانا ای سی پی کی ذمے داری ہے، وہ اپنی آئینی ذمے داری ادا کرے۔
لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شہباز شریف، سلیمان شہباز، حسن نواز، خواجہ محمد آصف اور دیگر رہنما موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی اور پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے امور پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں جنرل الیکشن سے متعلق اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے موقف پر بھی غور کیا۔