پشاور میں محکمہ پولیس بجلی کے بلوں کی مد میں مجموعی طور پر 13 کروڑ روپے کا نادہندہ نکلا۔ بیشتر تھانے بجلی کے بل نہیں بھرتے بلکہ بجلی چوری بھی کرتے ہیں۔
محکمہ پولیس مجموعی طور پر 13 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے۔ تھانا کوتوالی کے ذمہ سب سے زیادہ 1 کروڑ 9 لاکھ کے بقایا جات ہیں۔
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے کچا چٹھا کھول دیا، جس کے مطابق تھانا کوتوالی کے ذمہ1 کروڑ 9 لاکھ، تھانا گل بہار 60 لاکھ 11 ہزار، تھانا ہشت نگری 1 لاکھ 52 ہزار اور پولیس چوکی خیبر بازار کے ذمہ 15 لاکھ 1 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔
پیسکو کے مطابق تھانا کابلی61 لاکھ 74 ہزار اور تھانا شاہ قبول 1 لاکھ 48 ہزار روپے کا نادہندہ ہے، بجلی چوری پر تھانا کوتوالی پر 46 ہزار، تھانا کابلی پر 1 لاکھ 44 ہزار اور خیبر بازار پولیس چوکی پر 86 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور محمد اعجاز خان کا کہنا ہے کہ کوئی پولیس تھانا بجلی چوری میں ملوث نہیں، تھانوں کے ذمے بجلی کے بقایاجات ہیں۔