امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔
ملک میں گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سراج الحق نے کہا کہ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تحریک چلائیں گے۔
سراج الحق کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کریں گے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر گرینڈ ڈیموکریٹک آلائنس کے رہنما سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔
سردار عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ روز آئی ایم ایف کے خنجر سے عوام کو مارا جارہا ہے، پی ڈی ایم کا آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان دشمن ثابت ہوا۔
یاد رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول فی لیٹر 26 روپے 2 پیسے اور ڈیزل 17روپے 34 پیسے مزید مہنگا کردیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 38 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔