پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں آپس کی لڑائی چھوڑ کر لوگوں کے مسائل پر توجہ دیں۔
لاہور کے کوٹ لکھپت میں پارٹی عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کل بھی الیکشن کے لیے تیار تھی اور آج بھی الیکشن کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا یہ ہی مطالبہ تھا کہ ملک میں جلد از جلد الیکشن ہو، ہمارے کارکنان بھی جواب دینا جانتے ہیں لیکن ہم اپنے کارکنوں کو بدتمیزی نہیں سکھاتے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ نگراں حکومت ستلج کے سیلاب متاثرین کو فوری امداد فراہم کرے، حکومت کو یاد کراتے ہیں آپ کی ذمے داری بڑے بڑے فیصلہ کرنا نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج پیٹرول 332 روپے ہے تو اس سے غریب کی کمر ٹوٹ گئی ہے، نگراں حکومت کو سوچنا چاہیے، پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے کیا حال ہو رہا ہے۔
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے لیے بھی کوئی حکمت عملی بنانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری یہ خواہش نہیں کہ ہم کسی جماعت یا کسی شخص سے لڑیں، 9 مئی کو جو واقعات پیش آئے ہمیں اس شرپسندی کو بھی شکست دینی ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ آج آپ کو بھٹو کھٹکتے ہیں، یہ بھٹو کہیں نہیں جارہے، بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ سنبھالنے کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی کاوش سے سیلاب کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان آئے، پاکستان کو آج پھر مضبوط آواز کی ضرورت ہے اور وہ آواز بلاول بھٹو زرداری ہے۔