• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کی باتوں کا جواب دینے کیلئے پرویز رشید ہی کافی ہیں،چوہدری نثار علی خان

کلرسیداں(ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے کس منہ سے اخلاقی جرأت پر وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں‘پی ٹی آئی کے اپنے دو چیف الیکشن کمشنرز اور احتساب کمشنر نے کرپشن پر استعفیٰ دیا‘ کیا اس پر کسی نے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کیا‘ تحریک انصاف کی باتوں کا جواب دینے کیلئے پرویز رشید ہی کافی ہیں‘دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے‘اویس علی شاہ کے اغواء کے معاملے پر میرا تمام ایجنسیوں سے رابطہ ہے‘ 24گھنٹے اسی معاملے پر توجہ ہے، امجد صابری کا قتل اور اویس شاہ کا اغواء کراچی آپریشن پر سوالیہ نشان نہیں‘ ان واقعات کا مقصد کراچی میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، ایان علی کا نام وزارت داخلہ نے ای سی ایل میں نہیں ڈالا‘ ایف بی آر کی سفارش اور کریمنل کیس پر ایان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا‘غیر ملکی جاسوسوں کا پکڑے جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے متحرک اور فعال ہیں‘ دہشت گردوں کی طرف سے آسان اہداف کو نشانہ بنایا جانا بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے‘ایسے واقعات پاکستان اور اس کے عوام کی روح کو کسی صورت کمزور نہیں کر سکتے‘ دھرتی سے ان درندوں کا خاتمہ کردیں گے‘دہشتگردی کا خاتمہ کمزوری ظاہر کرکے نہیں طاقت سے کیا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کو کلر سیداں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ ہمیں اپنی سکیورٹی ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوال نہیں اٹھانے چاہئیں‘ امریکا میں ہم سے بھی زیادہ سکیورٹی ہے، اس کے باوجود وہاں ایک شخص نے چند منٹوں میں 50لوگوں کو قتل کر دیا، فرانس، برطانیہ، بلجیم میں بھی ایسے واقعات ہوئے ہیں‘ دہشت گردی کی وجہ سے ہم اپنے اسکول، دکانیں اور محلے بند نہیں کر سکتے‘دہشت گردی کا مقابلہ عزم اور اتحاد سے کیا جا سکتا ہے‘ان واقعات سے ہمارا عزم کمزور نہیں ہونا چاہیے‘ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے ریفرنسز کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک پرویز رشید ہی کافی ہے‘تحریک انصاف ڈیوڈ کیمرون کے استعفے سے اپنی کہانی جوڑ رہی ہے۔
تازہ ترین