• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے، منیر اکرم

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم----فائل فوٹو
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم----فائل فوٹو

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ایک بیان میں منیر اکرم نے کہا کہ اس وقت دنیا کو کئی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جنگوں کے باعث غذائی عدم تحفظ، عالمی حدت میں اضافہ، عالمی وبائیں اور کساد بازاری جیسے چیلنجز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے اقوام متحدہ کا پلیٹ فارم بہترین حل پیش کر سکتا ہے، سماجی ترقی اور معیشت کی بہتری کے لیے سرمایہ کاری بہت ضروری ہے۔

منیر اکرم کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، ان کی عالمی رہنماؤں اور مختلف سرمایہ کار کمپنیوں سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کا اجلاس اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

منیر اکرم نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان میں موجود علاقائی امن خراب کرنے والے دہشت گرد عناصر کا قلع قمع ہونا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید