پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی تب ہی ہے جب ادارے اس کے ماتحت رہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ دنیا جمہوریت کا دن منا رہی تھی اور ہم اسی روز ایک آمر کا قانون بحال کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کی کشتی کو کس طرح یہاں لے کر آئے ہیں، یہ تاریخ ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی تب ہی ہے جب ادارے اس کے ماتحت رہیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کا ماحول بن چکا ہے، اب انتخابات ہر صورت ہوں گے، جو دسمبر یا زیادہ سے زیادہ فروری تک ہوجائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن جنوری یا فروری یا اُس سے بھی پہلے ہوسکتے ہیں، اس عمل کا کریڈٹ میثاق جمہوریت کو جاتا ہے، جو شہید بینظیر بھٹو نے کیا تھا۔
خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ میثاق جمہوریت کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اب کوئی انتخابات سے بھاگ نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال اتنی سنجیدہ ہوگئی ہے کہ اب ہر بات میں سے بات نکلتی ہے، ماحول بہت اچھا ہے اور ایک ادارے میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔