• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کا کمپیوٹر سسٹم ہیک ہوگیا

انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ اس کا کمپیوٹر سسٹم ہیک ہوگیا ہے۔

آئی سی سی نے کہا کہ پچھلے ہفتے کے اختتام پر اس نے اپنے کمپیوٹر نیٹ ورک پر ایک غیرمعمولی سرگرمی کی نشاندہی کی جس کا تدارک کیا جا رہا ہے۔

انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے ترجمان نے اس سے متعلق رائے دینے سے انکار کیا کہ ہیکنگ کس قدر سنجیدہ نوعیت کی ہے، کیا معاملہ مکمل طور پر حل ہوچکا ہے اور اس ہیکنگ کے پیچھے کون ہے؟

آئی سی سی نے مختصر بیان میں کہا کہ سائبر سیکیورٹی واقعے کے بعد اس کا اثر روکنے کیلئے فوری اقدامات کیے گئے۔

نیدرلینڈز کی وزارت انصاف نے تصدیق کی کہ ملک کا نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر تفتیش میں مدد کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم جنگی جرائم کا مستقل ٹریبونل ہے جسے 2002 میں قائم کیا گیا تھا۔

یہاں موجود پراسیکیوٹرز اس وقت یوکرین، یوگنڈا، وینزویلا، افغانستان، فلپائنز سمیت دیگر ممالک کی صورتحال سے متعلق 17 تحقیقات کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 2022 کی سالانہ رپورٹ میں ڈچ انٹیلیجنس ایجنسی نے کہا تھا کہ آئی سی سی روس کیلئے دلچسپی کا باعث ہے کیونکہ یہاں روس کی طرف سے جارجیا اور یوکرین میں کیے گئے جنگی جرائم کی تحقیقات جاری ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید