کراچی کے علاقے ناظم آباد کی مجاہد کالونی کے گھر کے اندر موجود کنویں سے ماں بیٹے کی لاشیں ملی ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل حفیظ بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ گھر کے کنویں سے بیٹے اور ماں کی لاش نکال لی گئی ہے، ماں اور بیٹے کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
ایس ایس پی حفیظ بگٹی کے مطابق ملزم نے گرفتاری کے بعد لاشوں کی نشاندہی کی ہے، ملزم کی نشاندہی پر لاشیں کنویں سے نکالی گئیں۔
ایس ایس پی حفیظ بگٹی کے مطابق دہرے قتل میں ملوث چوکیدار سمیت 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایک مفرور ہے، گھر میں کام کرنے والے ملازم نے 2 ساتھیوں کی مدد سے واردات کی تھی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ملزمان کے تیسرے ساتھی کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان نے واردات کے بعد گھر سے 2 گاڑیاں بھی چوری کیں، جن میں سے 1 بیچ دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اور ان کا بیٹا 1 ماہ سے لاپتہ تھے، خاتون کی بیٹی نے گمشدگی کی درخواست جمع کرائی تھی، خاتون کی بیٹی کا کہنا تھا کہ گھر میں دونوں گاڑیاں بھی موجود نہیں ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے مطابق وہ ڈکیتی کے لیے گھر میں داخل ہوئے تھے، ملزمان نے واردات کے بعد ماں بیٹے کو گلا دبا کر قتل کیا اور لاشیں کنویں میں پھینک دی تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان گھر میں کھڑی دونوں گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے کر فرار ہوئے تھے۔