راولپنڈی(قاسم عباسی) رافیل طیاروں کا نقصان بھارت کے لیے ایک ʼگہری شرمندگیʼ ہے، جو ان فرانسیسی جہازوں پر پاکستان کے خلاف برتری کے لیے انحصار کر رہا تھا، یہ بات ٹی ارٹی ورلڈ نے ٹوئٹر پر بتائی ، بھٹنڈہ کی ویڈیو میں طیارے کا جوحصہ نظر آرہا ہے وہ میراج نہیں رافیل ہے ، فرانسیسی اخبار کے مطابق پاکستان نے بھارتی فضائیہ کی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔جہاں ایک طرف بین الاقوامی میڈیا اور دفاعی ماہرین اس بات کو تسلیم کر رہے ہیں کہ پاکستان نے بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں، وہیں بھارت اب بھی اپنے جدید ترین طیارے ʼرافیلʼ کے گرنے کا اعتراف کرنے سے گریزاں ہے۔ایشین ٹائمز نے دفاعی تجزیہ نگار اور پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے ماہر رِک کو نقل کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت کے بٹھنڈہ علاقے سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں انجن پر ایک مخصوص نوزل اسکرو پیٹرن نظر آتا ہے جو M88(رافیل طیارے کا انجن) سے میل کھاتا ہے، نہ کہ M53(میراج 2000کے انجن) سے۔ٹی آر ٹی کے مطابق، سوشل میڈیا پر شائع کی جانے والی تصاویر میں رافیل طیارے کی دم اور روڈر کے حصے ایک کھیت میں پڑے دکھائی دیے، جو مبینہ طور پر بھارت کی ریاست پنجاب کے بٹھنڈہ علاقے سے ہیں۔