یورپین یونین کے ممبر ممالک اسپین، اٹلی اور پرتگال میں سورج سے توانائی حاصل کرنے کے 120 نئے منصوبوں پر 1 ارب 70 کروڑ یورو خرچ کیے جائیں گے۔
یہ بات یورپین کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں بتائی گئی۔
اعلامیے کے مطابق یورپی توانائی کی ضروریات میں خود کفالت حاصل کرنے اور ان منصوبوں کو فوسل فیول کی بجائے قابل تجدید توانائی (سولر) کے ذریعے حاصل کرنے کیلئے 120 نئے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔
سورج سے توانائی حاصل کرنے کے یہ تمام پلانٹس اسپین، اٹلی اور پرتگال کے ایسے کمزور معاشی علاقوں میں لگائے جائیں گے جہاں کے لوگوں کی آمدنی یورپین معیار سے کم ہے۔
ان منصوبوں پر ایک اعشاریہ 7 ارب یورو لاگت آئے گی اور یہ 2028 میں پوری طرح فعال ہوں گے۔
5.6 گیگا واٹ پیداوار کے حامل ان منصوبوں سے ڈھائی لاکھ گھروں کو بجلی مہیا ہوگی۔
یہ تمام رقم یورپین انوسٹمنٹ بینک کے انویسٹ ای یو پروگرام کے تحت خرچ کی جائے گی۔ اس منصوبے کی تعمیر کے دوران 11000 سے زائد لوگوں کو عارضی روزگار بھی میسر آئے گا۔
اس حوالے سے یورپین کمشنر برائے اقتصادیات پاؤلو جینٹیلونی نے کہا 'کہ یہ آب و ہوا اور ہماری معیشت دونوں کے لیے اچھی خبر ہے، اس سے نہ صرف لاکھوں گھرانوں کو صاف توانائی سے بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ متعلقہ علاقوں میں تعمیراتی مرحلے میں ہزاروں ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی'۔