کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت جانے سے قبل افغان کرکٹرز سے اہم طالبان لیڈر انس حقانی نے ملاقات کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت روانگی سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل نے کھلاڑیوں کے ساتھ میٹنگ کی جس میں طالبان کے اہم رہنما انس حقانی نے بھی شرکت کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس موقع پر ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔
رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 10 روز ٹریننگ کے بعد افغانستان کی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پیر کی شام بھارت روانہ ہوئی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں حشمت اللّٰہ شاہدی افغان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ افغان اسکواڈ میں رحمان اللّٰہ گرباز، ابراہیم زدران، ریاض حسن، رحمت شاہ، نجیب اللّٰہ زدران، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللّٰہ عمر زئی، راشد خان، مجیب الرحمٰن، نور احمد، فضل الحق فاروقی، عبدالرحمٰن اور نوین الحق شامل ہیں۔
گلبدین نائب، شراف الدین اشرف اور فرید احمد کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا جو احمد آباد میں شیڈول ہے۔