پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ پرویز مشرف پر آرٹیکل 6 لگانے کے معاملے پر پیپلز پارٹی حکومت پیچھے ہٹ گئی تھی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران محمد زبیر نے کہا کہ 2009 میں سپریم کورٹ کے 15 ممبرز نے فیصلہ کیا کہ پرویز مشرف پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت پیچھے ہٹ گئی تھی اور آرٹیکل 6 مقدمہ شروع نہیں کیا تھا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہماری حکومت آئی تو چیف جسٹس افتخار چوہدری نے اٹارنی جنرل سے پوچھا مقدمہ آپ شروع کریں گے یا ہم کردیں؟
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں تھی، ہم نے آرٹیکل 6 کا مقدمہ شروع کیا، جس کا نتیجہ اچھا نہیں نکلا، عدالت جاتے جاتے مشروف کو راولپنڈی پہنچادیا گیا۔
محمد زبیر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونا چاہیے تاکہ سب کے سامنے واضح تاریخ آجائے۔