بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین کے لیے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے پاکستانی کمیونٹی کے لیے ’ای کچہری‘ کا اہتمام کیا۔
برسلز میں تعیناتی کے بعد سے اب تک بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ ان کی دوسری کھلی کچہری تھی جہاں انہوں نے کمیونٹی ممبران کے مسائل سنے اور انہیں بروقت ازالے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے شرکاء کو گزشتہ ای کچہری میٹنگ میں رپورٹ کیے گئے مسائل کے حل کے لیے سفارت خانے کی طرف سے کی گئی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے کمیونٹی ممبران کا ان ماہانہ ای کچہری انٹرایکٹیو میٹنگز میں بھرپور شرکت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اپنی باری پر گفتگو کرتے ہوئے کمیونٹی کے ارکان نے کمیونٹی کے ساتھ باقاعدہ بات چیت کا اہتمام کرنے پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
جواب میں سفیر نے سفارت خانے کی کھلے دروازے کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے کمیونٹی ارکان کی ورچوئل فارمیٹ سے ہٹ کر سفارت خانے آنے اور عملی طور پر مختلف کاموں میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کی۔