• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی میں ایک اور بس پر مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا، آج صبح 6 بجے بلوچستان سے کراچی آنے والی بس کو ناکہ لگا کر روکا اور 45 مسافروں سے نقدی، موبائل فونز، اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

کچھ دن پہلے فیکٹری ورکرز کی بس کو شاہ فیصل کالونی میں لوٹا گیا تھا۔

کراچی میں ڈاکو پولیس کے خوف سے آزاد ہوگئے ہیں، جب، جہاں اور جسے چاہیں لوٹ رہے ہیں۔ آج صبح بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد سے کراچی آنے والی مسافر بس کو 4  مسلح ڈاکوؤں نے گلشن معمار موڑ کے قریب روکا اور بس میں سوار تمام مسافروں کو لوٹ لیا۔

مسافر بس میں 45 افراد سوار تھے، ملزمان نے موبائل فونز، نقدی اور کپڑوں سمیت نہ صرف قیمتی سامان لوٹا بلکہ فرار ہوتے وقت بس کی چابی بھی ساتھ لے گئے۔

تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس کی جانب سے متاثرہ مسافروں سے رابطہ شروع کردیا گیا ہے تاکہ مکمل تفصیلات حاصل کرکے مقدمہ درج کیا جا سکے۔

13 ستمبر کو فیکٹری ورکرز کی بس کو بھی شاہ فیصل کالونی میں لوٹا گیا تھا، تاہم پولیس نے اس واردات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹے گئے 37 موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کرلیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید