• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: مندر سے کیلا لے کر کھانے پر ذہنی بیمار مسلم نوجوان قتل

فوٹو بشکریہ عرب میڈیا
فوٹو بشکریہ عرب میڈیا

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے مندر میں پرساد کے طور پر چڑھائے گئے کیلوں میں سے ایک کیلا لے کر کھانے پر ذہنی بیمار مسلمان نوجوان کو انتہائی بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 22 سالہ مقتول ذہنی بیمار مسلمان نوجوان محمد اسحاق کا تعلق نئی دہلی کے علاقے سندر نگری سے ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئی دہلی میں منگل کی صبح تقریباً 5 بجے مشتعل ہجوم نے محمد اسحاق کو کھمبے سے باندھ کر بے رحمی سے مارا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق محمد اسحاق پر گنیش چترتھی کے تہوار کے موقع پر مندر سے ایک کیلا چوری کر کے کھانے کا الزام تھا۔

مقتول کے والد محمد واجد نے بھیگی ہوئی آنکھوں اور لڑکھڑاتی ہوئی آواز کے ساتھ اس دل دہلا دینے والے قتل کے واقعے کا احوال عرب میڈیا کو سنایا۔

اُنہوں نے عرب میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا سب کچھ کھو دیا ہے، میرے بیٹے کو صرف اس لیے مار دیا گیا کہ اس نے پرساد کھا لیا تھا، جنہوں نے میرے بیٹے کو مارا اُنہیں یہ بات انتہائی ناگوار گزری کہ ایک مسلمان نے پرساد کو ہاتھ لگایا۔

محمد واجد نے بتایا کہ میں سبزی فروش ہوں اور میرے  ہندو گاہک اکثر مجھے پرساد پیش کرتے ہیں جسے میں فوراً قبول کر لیتا ہوں کیونکہ پرساد اللّٰہ کا تحفہ ہے، میں اس سے انکار نہیں کرتا۔

اسحاق کی بہن عظمیٰ نے عرب میڈیا کو بتایا کہ ظالم لوگوں نے اسحاق کو انتہائی بے دردی سے مارا، اس کے کچھ ناخن ٹوٹے ہوئے اور کچھ کھینچ کر نکالے گئے تھے جبکہ کچھ انگلیاں بھی کٹی ہوئی تھیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ اسحاق کو محلے کے ایک لڑکے نے سڑک پر پڑا ہوا پایا جو اسے اٹھا کر گھر لے آیا، اسحاق بولنے سے قاصر تھا اور اس کی حالت تشویش ناک تھی اور پھر وہ چند گھنٹے بعد اپنے گھر میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ 

اسحاق کے پڑوسیوں نے عرب میڈیا کو بتایا کہ اسحاق ذہنی طور پر معذور تھا، وہ ایک سادہ سا لڑکا تھا جس نے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔

یاد رہے کہ 2014ء میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میں اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں پر حملے اور  تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید