• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ مرضی کا الیکشن کمیشن بناکردھاندلی کی تاریخ دہرانا چاہتی ہے،پرویز الٰہی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالہی نے کہا ہے کہ ن لیگ اپنی مرضی کا الیکشن کمیشن بنا کر دھاندلی کی تاریخ دہرانا چاہتی ہے۔ الیکشن میں دھاندلی کا راستہ روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ووٹرز، میڈیا اور سول سوسائٹی کی رائے کو پیش نظر رکھتے ہوئے غیرجانبدار، ایماندار اور منصف مزاج ارکان کا چناؤ متفقہ طور پر کیا جائے ورنہ ماضی کی طرح الیکشن میں منظم دھاندلی کو روکنا ناممکن ہو گا۔ وہ گجرات میں چودھری اصغر تیل والا کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر بیرسٹر محمد صہیب اصغر، میجر (ر) نسیم اکبر فاروقی، چودھری انعام الحق، سید نسیم حسن شاہ، میاں پرویز پگانوالہ، چودھری نذر نت، چودھری خالد اصغر گھرال، خالد چیمہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔ صاف شفاف الیکشن کمیشن کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی بھی تشکیل نو ہونی چاہئے تاکہ اس میں نمائندگی سے محروم پارلیمانی جماعتوں کو بھی نمائندگی مل سکے۔انتخابی نتائج ہائی جیک کرنے کیلئے فیورٹ الیکشن کمیشن کی تشکیل روکنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام چھوٹی جماعتیں اس معاملہ پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں تاکہ ماضی میں ہر الیکشن پر جس طرح عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا اس روایت کا خاتمہ ہو سکے ۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ سابق بیورو کریٹس، رگنگ ماسٹر کے تابعدار اور من پسند ارکان پر مشتمل الیکشن کمیشن بنا کر ایک بار پھر دھاندلی زدہ الیکشن کرانے کی منصوبہ بندی زوروں پر ہے جیسا کہ پچھلے انتخابات میں بھی فیورٹ الیکشن کمیشن کے ذریعہ ہر صوبہ میں من پسند نتائج سامنے لائے گئے اور چیف الیکشن کمشنر کو بھی بائی پاس کیا گیا، ہم ایک بار پھر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ صاحب کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ اور پاکستان مسلم لیگ کے نمائندوں کیلئے بھی کمیٹی میں جگہ بنائیں۔
تازہ ترین