• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ایئرپورٹ پر چوہوں نے انٹرنیٹ کیبل کتر دی، ایمیگریشن سسٹم غیرفعال

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے ایئرپورٹ پر انٹرنیٹ کیبل خراب ہونے کے باعث ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم متاثر ہوگیا۔ بتایا جارہا ہے کہ ہوائی اڈے پر چوہوں نے یلغار کرتے ہوئے کیبل کتر دیے، تاہم منیجر کراچی ایئرپورٹ نے اس کی تردید کردی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن سسٹم کی کئی جگہ سے انٹرنیٹ کیبل کو کتر کر غیر فعال بنادیا۔ 

چوہوں کے کیبل کترنے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن سسٹم کئی گھنٹے بند رہا۔ گذشتہ رات 5 پروازوں کی امیگریشن مینوئل طریقے سے کی گئی۔

ایف آئی اے امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال اپنی انٹرنیٹ ڈیوائسز کے ذریعے امیگریشن سسٹم چلا رہے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود انٹرنیٹ کیبل کی مرمت نہیں ہوئی۔ 

ذرائع نے بتایا کہ 15 گھنٹے گزرنے کے باوجود انٹرنیٹ کیبل سے فالٹ دور نہ کیا جاسکا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو مسافروں کی امیگریشن میں پریشانی کا سامنا ہے، ایف آئی اے نے سی اے اے سے فوری طور پر کیبل فالٹ دور کرنے کی درخواست کردی ہے۔ کیبل فالٹ کے باعث امیگریشن میں تاخیر ہوئی اور متعدد پروازیں دیر سے روانہ ہوئیں۔

دوسری جانب ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) یا اسٹاپ لسٹ والے مسافر کو چھوڑا نہیں گیا، کیبل فوری بحال نہیں ہوئے تو انٹرنیٹ ڈیوائس کے ذریعے امیگریشن سسٹم چلانا مشکل ہو جائے گا۔

ذرائع نے کہا کہ انٹرنیٹ ڈیوائسز زیادہ دیر تک امیگریشن سسٹم کا دباؤ برداشت نہیں کر سکتی۔
 

انٹرنیٹ کیبل کے نقصان پر منیجر کراچی ایئرپورٹ کا مؤقف

منیجر کراچی ایئرپورٹ عرفان خان کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر انٹرنیٹ کیبل چوہوں نے نہیں کاٹے۔ کل رات 2 بجے انٹرنیٹ کیبل میں فالٹ آیا۔

انہوں نے بتایا کہ فالٹ دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کیبل فالٹ کہاں آیا ہے، سی اے اے کی ٹیمیں جانچ کر رہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید