آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ میانوالی کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران ہمارے جوان بہادری سے لڑے۔
رات گئے ہونے والے حملے سے متعلق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میڈیا کو بتایا ہے کہ آپریشن کے دوران ہمارا 1 جوان شہید ہوا، 2 دہشت گرد مقابلے میں مارے گئے اور ابھی اطلاعات آئی ہیں کہ سرچ آپریشن میں ایک اور دہشت گرد زخمی ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے چہروں کو اے آئی بیسڈ سافٹ ویئر فیس ٹریس میں ڈال رہے ہیں، دہشت گردوں کے فنگر پرنٹس نادرا ریکارڈ سے میچ کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ دہشت گرد پنجاب کے سرحدی علاقوں پر حملہ کرسکتے ہیں، ہماری فورسز الرٹ تھیں، ہماری جوابی فائرنگ پر دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، ڈی پی او اور ایس ایچ او فوری موقع پر پہنچے تھے، اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ وہی ڈی پی او ہیں جنہوں نے 9 مئی کو ایئر فورس پر حملہ ناکام بنایا تھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یہ بھی کہا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری رہیں گے، ملک کی مسلح افواج بہادری کے ساتھ لڑ رہی ہیں، دشمن ملک میں امن و خوش حالی کو تباہ کرنا چاہتا ہے اور سی پیک کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، کچے کا اکثر علاقہ کلیئر کرا لیا ہے۔