پنجاب پولیس نے میانوالی کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
حملے میں ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان شہید ہو گئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق 10 سے 12 دہشت گردوں نے کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا تو چھت پر تعینات جوان کی فائرنگ سے 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے 2 اطراف سے حملہ کیا تھا جن کی فائرنگ سے ایک اہلکار نے جامِ شہادت نوش کیا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے سے متعلق ہمارے پاس اطلاعات تھیں، ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے محرکات کو سب جانتے ہیں، اگلے دو سے چار گھنٹوں میں دہشت گردوں کی شناخت ہو جائے گی۔
آئی جی پنجاب کے مطابق حملے کے بعد ایس ایم ڈی لائٹس کے ساتھ سی ٹی ڈی کی ٹیمیں پہنچ گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق حملے کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے۔