• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں، مینارِ پاکستان پر خطاب ہوگا، رانا ثنا اللّٰہ

رانا ثنا اللّٰہ-- فائل فوٹو
رانا ثنا اللّٰہ-- فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں، مینارِ پاکستان پر استقبال اور خطاب ہو گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کے لیے قانونی ٹیم نے تیاری مکمل کرلی ہے، ہم نے کسی پر مقدمہ نہیں بنایا، کوئی جیل میں ہے تو اپنی حرکتوں کی وجہ سے ہے، 9 مئی کو سازش کے تحت پاکستان کے دفاع پر حملہ کیا گیا۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ اگر یہ لوگ 9 مئی کو کامیاب ہو جاتے تو تباہ کُن اثرات ہوتے، معاشی طور پر اس وقت ہم تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان پر مشکل وقت آیا رہنمائی کے لیے نواز شریف سامنے آئے، مسلمہ امہ کو ایٹمی طاقت کے حصول کا چیلنج درپیش تھا، نواز شریف نے قوم کو سرخرو کیا، پوری دنیا ایک طرف تھی لیکن نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ن لیگ نے حکومت سنبھالی تو دہشتگردی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ تھا، نواز شریف نے ملک میں دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ پر قابو پایا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نئے پاکستان کا تجربہ نہ کیا جاتا تو سی پیک 2022 میں مکمل ہوچکا ہوتا، یہ تجربہ نہ ہوتا تو پاکستان جی 20 کی لسٹ میں آچکا ہوتا، اس فتنے کی حکومت نہ ہٹاتے تو اپریل 2022 میں ہم ڈیفالٹ کر جاتے۔

سابق وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو اس آزمودہ لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو مشکلات سے باہر نکالے، مسلم لیگ ن کی درخواست پر نواز شریف جماعت کو لیڈ کرنے آرہے ہیں۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ کسی کو چھوڑنا نہیں این آر او نہیں دوں گا اسی سوچ نے ملک کو دلدل میں دھکیلا۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے وقت میں کمی ہماری تجویز اور مطالبہ تھا، پیپلز پارٹی نے پنجاب میں ہمارے مخالف ووٹرز کو متوجہ کرنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید