پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ یہ چیز کلیئر ہو چکی ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اب واپس آ رہے ہیں۔
سیالکوٹ میں میاں نواز شریف کی آمد کے حوالے سے تنظیمی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں خواجہ آصف، سائرہ افضل تارڑ اور مقامی قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ کارکنان اپنی ذمے داریوں کو پورا کریں، چند اضلاع میں تنظیم انتہائی منظم انداز میں چلتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی امیدواروں کو 5 ہزار کارکن اکٹھے کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، میاں نواز شریف کا استقبال آدھا الیکشن ہے۔
تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ ن لیگ کے تمام ورکرز نواز شریف کے استقبال کے لیے پہنچیں گے،
انہوں نے کہا کہ کارکنوں میں جوش و جذبہ بڑھ رہا ہے، نواز شریف کی واپسی کی تاریخ حتمی ہے، وہ چوتھی مرتبہ وزیرِ اعظم بننے وطن واپس آ رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنوری میں انتخابات ہوں گے، حلقہ بندیاں مکمل ہو چکی ہیں۔