مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ کسی نئے تجربے کی گنجائش نہیں ہے، نواز شریف جیسے تجربہ کار طبیب کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے مسلم لیگ ن کے بانی میاں محمد نواز شریف نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اس وقت پاکستان کی سینئر ترین شخصیت ہیں، 2013ء میں جب نواز شریف نے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی تھی تو معاشی حالات خراب تھے، نواز شریف کے آنے کے بعد لوڈشیڈنگ ختم ہو گئی، سی پیک شروع ہو گیا اور انویسٹمنٹ پاکستان آنے لگی تھی۔
اُن کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس نواز شریف کی صورت میں ایسی قیادت موجود ہے جس نے مہنگائی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، چین، روس، یورپی یونین کے ساتھ ماضی میں نواز شریف نے بہترین تعلقات قائم کیے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا پیغام اور بیانیہ تقریر نہیں عمل کا بیانیہ ہے، نواز شریف ایک ٹیسٹڈ لیڈر ہیں جنہوں نے پاکستان کو بیرونی سرمایہ کاری کا مرکز بنایا تھا، پاکستان کی ٹیکنالوجی کو ترقی دینے کے لیے بہترین پالیسیوں کو متعارف کروایا۔
انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف نے 1990ء میں جو پالیسیاں متعارف کروائیں ان پر عمل کر کے بھارت اور دیگر ممالک ترقی پزیر ہو گئے، پاکستان میں اس پالیسی پر عمل درآمد کرنے سے نواز شریف کو روک دیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایک بدترین سازش کے ذریعے نواز شریف کو نااہل کیا گیا، نواز شریف کا پاناما کیس کے اندر جب کچھ نہیں نکلا تو اقامہ کا نام لے کر نا اہل کر دیا گیا، نواز شریف کی نااہلی کے کردار گواہی دے چکے کہ وہ ایک سازش تھی، آج ہم پاکستان کا جو حال دیکھ رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے۔
احسن اقبال نے پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف معاہدہ پر کہا تھا کہ یہ معاشی مفادات کا سودا ہے، پاکستان کے عوام مہنگائی کے بدترین طوفان میں ہیں، ہم نے چیخ چیخ کر کہا تھا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ پاکستان کے غریب عوام کے مفاد میں نہیں، ان لوگوں نے آنکھیں بند کر کے کاغذ پر دستخط کر دیے تھے، عمران خان جو نسخہ اس قوم کے لیے لکھ کر دے کر گیا تھا اس کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔
احسن اقبال کا آئندہ سال سے متعلق کہنا ہے کہ پاکستان میں نوجوان نا امیدی کا شکار ہو رہے ہیں، کامیاب ہو کر 2024ء میں عوام کو مہنگائی کی چکی سے نکالیں گے، 2024ء سے نیا سفر شروع ہو گا، نوجوانوں میں دوبارہ امید پیدا ہو گی، 2024ء کے بعد پھر ہم پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے سفر کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی بحالی کے عمل میں کامیاب ہو گا، آج پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہے کہ ہم نے تین برسوں میں 70 ارب سے زیادہ قرضے ادا کرنے ہیں، سب مل کر آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کریں، ہم سب اس ملک کی ترقی کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں، پاکستان کے تمام ادارے پاکستان کا اثاثہ ہیں۔
احسن اقبال نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ہمیشہ کے لیے بیرونی امداد سے نجات دلائی جائے۔