• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 12 گھنٹوں کے دوران 3 مقابلے، 4 زخمیوں سمیت 5 ملزمان گرفتار

جنگ فوٹوز
جنگ فوٹوز

کراچی ایسٹ پولیس نے گزشتہ 12 گھنٹوں میں مختلف کارروائیوں کے دوران 3 مقابلوں میں 4 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ 

ایس ایس پی کراچی ایسٹ عرفان علی بہادر کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی کی سینکڑوں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے غیر قانونی 4 پستول راٶنڈ، نقدی، چھینی ہوئی موٹر ساٸیکل اور چوری شدہ کار برآمد ہوئی ہے۔

عرفان علی بہادر کا کہنا ہے کہ ایک مقابلہ تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس سے جبکہ 2 مقابلے شارعِ فیصل پولیس سے ہوئے، پہلے مقابلے میں تھانہ شارعِ فیصل پولیس نے زخمیوں سعید احمد اور سید حسنین کو ساتھی رفاقت علی کے ہمراہ گرفتار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک اور مقابلے میں شارعِ فیصل پولیس نے اے وی ایل سی پولیس کے ہمراہ ایک کار لفٹر ملزم فیصل جاوید کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، ملزم کے قبضے سے فیروز آباد سے چوری شدہ کار نمبر BAS-785  برآمد ہوئی۔ 

 ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ سائٹ سپر ہائی وے پر ہوئے تیسرے پولیس مقابلے میں ملزم الیاس عباس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے ملزم کے قبضے سے تھانہ اجمیر نگری کی حدود سے چھینی گئی موٹر سائیکل نمبر KBV-6977 برآمد کر لی۔ 

ان کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ زخمی ملزمان حال ہی میں غیر قانونی اسلحہ، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں کے مقدمات میں ضمانت پر جیل سے رہا ہو کر آئے ہیں۔

عرفان علی بہادر نے یہ بھی بتایا ہے کہ ملزمان سے برآمد اسلحہ فارنزک کے لیے بھیجا جا رہا ہے، پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، مزید سابقہ ریکارڈ معلوم کیا جائے گا، فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید