مسلم لیگ ن کے صدر، سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی سب سے کم ترین جبکہ ترقی تاریخ کی بلند ترین شرح پر تھی، نواز شریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے۔
شہباز شریف نے اپنے بیٹے، حمزہ شہباز کے ہمراہ لاہور، پنجاب ٹریڈرز ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملکی مجموعی صورتحال اور معیشت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاجروں نے درپیش معاشی مشکلات سے متعلق شہبازشریف کو آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے تاجروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ نوازشریف معاشی مشکلات کےحل کا ایجنڈا دیں گے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف کے دور میں آٹا، چینی، بجلی، گیس سستی ترین تھی۔
’2018ء سے 2022ء کے درمیان عوام نے تباہی دیکھی اور بھگتی‘
دوسری جانب ملاقات کے دوران حمزہ شہباز نے بھی تاجروں سے اظہار خیال کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے اقتدار کا مطلب ملک کی ترقی ہوتا ہے، معاشی بحالی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا، ملک کو معاشی دلدل سے نوازشریف کی قیادت ہی نکال سکتی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ 2018ء میں ترقی کرتا پاکستان دیا تھا، 2022ء میں ڈیفالٹ والا پاکستان ملا ہے، 2018ء سے 2022ء کے درمیان عوام نے تباہی دیکھی اور بھگتی۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی سے عوام کو بچانے کا سفر پھر شروع ہوگا، نواز شریف ہی غریب کا ساتھی، ہمدرد اور مددگار بنا ہے اور بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ جو کہا کر کے دکھایا، ہر وعدہ نبھایا ہے۔