پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان خاندانوں کا انخلا شروع ہوگیا۔ آج 30 افغان خاندانوں کو لےکر 16 ٹرک طور خم سرحد پہنچ گئے۔ قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد ان 350 افراد کو افغانستان جانے کی اجازت دی جائے گی۔
ادھر افغان کمشنریٹ خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 10 لاکھ ہے، 7 لاکھ 75 ہزار افغان غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے۔ ان میں 3 لاکھ سے زیادہ وہ افغان شہری ہیں جو طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان آئے۔
خیبر پختونخوا میں رواں سال 3 ہزار 911 افغان باشندے مختلف جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔
بلوچستان میں مقیم افغان باشندوں کی تعداد ساڑھے 8 لاکھ کے لگ بھگ بتائی جا رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ان میں سے ڈھائی لاکھ غیر قانونی مقیم ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان قائم مقام وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو بے دخل کرنے کے پاکستان کے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکی افراد کے لیے پاکستان چھوڑنے کی مہلت میں 26 دن باقی رہ گئے۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنا ہو گا۔
اس حوالے سے وزارتِ اطلاعات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دوسری صورت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے گرفتاری اور ملک بدری یقینی بنائیں گے۔