فیصل آباد کی تاندلیانوالہ کچہری میں خاتون کی جانب سے وکیل پر کی گئی فائرنگ کی وجہ سامنے آ گئی۔
پولیس کے مطابق ڈھائی ماہ قبل مقتولہ فرحت بی بی کے خاندان کے 3 افراد کو قتل کیا گیا تھا، خاتون کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا وکیل صدیق اعوان 3 افراد کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمان کا وکیل تھا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ نے عدالت میں فائرنگ کر کے وکیل صدیق اعوان اور کلرک کو زخمی کر دیا تھا جس کے نتیجے میں وکیل کے گارڈ کی جوابی فائرنگ سے فرحت بی بی موقع پر ہلاک ہو گئی تھیں۔
بعد ازاں زخمی وکیل اور ساتھی کلرک کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
پولیس نے خاتون کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دی تھی۔