فلسطینی سفیر احمد الربعی کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 232 فلسطینی شہید اور 1700 زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ 270 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اس سے قبل فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین فضا اور سمندر سے حملے میں 250 اسرائیلی ہلاک اور 1450 سے زیادہ زخمی ہوئے جبکہ متعدد کو یرغمال بنالیا گیا۔
حماس نے سینئر اسرائيلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت کئی اسرائیلی فوجیوں کو یر غمال بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احمد الربعی نے کہا کہ فلسطینی اس وقت بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، حکومت، فوج اور سیاسی جماعتوں کی حمایت کے شکر گزار ہیں۔
فلسطینی سفیر نے کہا کہ انشاء اللّٰہ فلسطین اور قبلہ اول آزاد ہوگا۔
دوسری جانب سعودی عرب نے حماس اور اسرائیل سے لڑائی روکنے پر زور دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کا دعویٰ ہے کہ عسکریت پسند غزہ سے اسرائیلی علاقوں میں گھس آئے ہیں۔