ایرانی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف بریگیڈیئر جنرل کیمارس حیدری نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر جس بھی مقام سے حملہ کیا گیا، اس جگہ کو نشانہ بنایا جائے گا، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں واقع ہو۔
ایرانی جنرل کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ جارحانہ کارروائیوں کے لیے دی جانے والی مہلت اور مقرر کردہ وقت کا ایران کی عسکری حکمت عملی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
بریگیڈیئر جنرل کیمارس حیدری کا کہنا ہے کہ ایرانی مسلح افواج دشمن کی کسی بھی غلطی کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، ایران کے خلاف جہاں سے بھی حملے کا آغاز ہو گا، وہ مقام ایران کے لیے جائز ہدف تصور کیا جائے گا۔
امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی جنرل نے دعویٰ کیا کہ 2 جوہری طاقتوں اور خطے کے ممالک کے خلاف ایران کی فیصلہ کن کامیابی بیرون ملک سے ہتھیاروں یا فوجی سازوسامان کی درآمد کے بغیر حاصل ہوئی، بلکہ اس میں مقامی پیداوار اور خود انحصاری نے اہم کردار ادا کیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ایران کی مزاحمت نے عالمی طاقتوں کے ابھرتے ہوئے توازن میں ملک کو نمایاں مقام دلانے میں مدد دی ہے اور اس کے نتیجے میں امریکا کی بالادستی پر مبنی عالمی نظام کو چیلنج کیا گیا ہے۔