بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر روہتک میں 4 افراد کے قتل کے ہولناک واقعے کی تحقیقات میں گینگسٹر کی گرل فرینڈ کا اہم کردار سامنے آیا ہے۔
قتل کی تفتیش کے سلسلے میں پولیس سنی رتولیا کی گرل فرینڈ جھانوی کے مبینہ کردار کی بھی تحقیقات کر رہی ہے، جس پر حریف بھاؤ رتولیا گینگ کے لیے مخبری کرنے کا شبہ ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جھانوی مبینہ طور پر تقریباً تین ماہ قبل ایک منصوبہ بندی کے تحت سنی کی زندگی میں شامل ہوئی تھی، تاکہ اس کا اعتماد حاصل کرکے اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکے اور اہم معلومات حریف گینگ تک پہنچا سکے۔
مبینہ ہنی ٹریپ کا مقصد سنی کا اعتماد جیتنا اور اس کی موجودگی کے مقامات سے متعلق معلومات حاصل کرنا تھا۔ جس ڈھابے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، اس کا مقام بھی مبینہ طور پر حریف گینگ کو فراہم کیا گیا، جس کی مدد سے حملہ آور درست وقت پر وہاں پہنچے۔
اس حملے میں چار نوجوان ہلاک ہوگئے، تاہم سنی مبینہ طور پر ڈھابے کے پچھلے دروازے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تحقیقات کا ایک اور اہم پہلو فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد جھانوی کی بھارت سے روانگی ہے۔
ذرائع کے مطابق جھانوی نے مبینہ طور پر حریف گینگ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت سنی کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے بدلے اسے بیرون ملک فرار ہونے میں مدد دی جانی تھی۔
چار افراد کا قتل مبینہ طور پر رات ساڑھے 12 بجے ہوا، جبکہ جھانوی کی اگلی صبح بنکاک جانے والی پرواز میں سوار ہونے کا شبہ ہے۔
تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ جھانوی بنکاک سے کسی دوسرے ملک بھی جا سکتی ہے، اس لیے اس کے بین الاقوامی سفری ریکارڈ کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
تحقیقات کے دوران حملے میں ملوث پانچ مشتبہ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے چار حملہ آوروں کی شناخت ہوچکی ہے، تاہم تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
پولیس جھانوی کے خاندانی پس منظر اور مبینہ جرائم پیشہ روابط کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس کے خاندان کے افراد بھی سنگین تشدد کے واقعات کا نشانہ بن چکے ہیں، جن میں اتر پردیش میں ایک گینگ کے ہاتھوں اس کے والد اور چچا کے مبینہ قتل کے واقعات شامل ہیں، جبکہ تفتیش کار ان سابقہ واقعات، حریف گینگ سے ممکنہ روابط اور مبینہ ہنی ٹریپ کے درمیان تعلق کا جائزہ لے رہے ہیں۔
جھانوی اتر پردیش کی مبینہ بدنام زمانہ لیڈی ڈان ببلی دیوی کی بیٹی ہے، جو پولیس ریکارڈ میں متعدد مقدمات میں نامزد رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدا میں اس کے مغربی اتر پردیش کے کئی جرائم پیشہ افراد سے روابط قائم ہوئے، جس کے بعد اس نے اپنا گینگ بنا لیا۔
جانھوی کے والد وویک عرف وکی ملک کو رواں سال مارچ میں باغپت میں ایک شادی کی تقریب کے دوران گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ اس قتل کو گاؤں کی سربراہی کے انتخاب سے جڑی پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا۔