• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی میں ہٹلر کا روپ دھارنے والے شخص کو 8 ماہ قید کی سزا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

جرمنی میں نازی رہنما ایڈولف ہٹلر جیسا حلیہ بنا کر عوامی مقامات پر گھومنے اور اس کی تعریف و توصیف کرنے والے ڈچ شہری کو 8 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 59 سالہ اسٹیفن ویکیمپ جمعے کو جرمنی کے شہر مونسٹر کی عدالت میں پیش ہوا۔

 اس موقع پر بھی اس نے ہٹلر جیسا ہیئر اسٹائل، مونچھیں، لمبا چمڑے کا کوٹ اور ٹائی پہن رکھی تھی، جس پر وافن ایس ایس کے پہاڑی دستوں کا مخصوص نشان بنا ہوا تھا۔

اسٹیفن ویکیمپ کے خلاف مقدمہ جولائی 2025ء میں اس وقت سامنے آیا جب اس نے مونسٹر میں ایک انتہا پسند دائیں بازو کے مظاہرے کے دوران انٹرویو میں ہٹلر سے اپنی عقیدت کا کھل کر اظہار کیا تھا۔

ملزم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ہٹلر کی تعریف کرنا آزادی اظہار کا حق ہے، اس لیے اسے بری کیا جائے، تاہم جج نے قرار دیا کہ اس کے بیانات ہولوکاسٹ کے متاثرین کی توہین اور عوامی امن میں خلل کا باعث بنے۔

عدالت نے اسٹیفن ویکیمپ کو 8 ماہ قید کی سزا سنائی، تاہم سزا 3 سال کے لیے معطل کردی گئی ہے، اسے ایک ہزار یورو جرمانہ اور عدالتی اخراجات بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

جرمنی کے فوجداری قانون کی دفعہ 130 کے تحت نازی حکومت کی عوامی سطح پر ایسی تعریف و توصیف، جو امن عامہ میں خلل ڈالے اور متاثرین کے وقار کو مجروح کرے، پر زیادہ سے زیادہ 3 سال قید یا جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

اسٹیفن ویکیمپ نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید