• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہیں، پیپلز پارٹی ہی جیتے گی، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہیں، پیپلز پارٹی الیکشن جیتےگی۔

جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کے بیان سے متعلق ایک سوال پر کہا کہ جو بھی جمہوری سیاستدان ہے وہ یہی کہے گا کہ ہر مسئلے کا حل الیکشن ہے۔ فضل الرحمان ایک جمہوری سیاستدان ہیں میرا نہیں خیال کہ وہ الیکشن مخالف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں جلدی الیکشن ہو تاکہ عوام کی خدمت کر سکیں، سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا، سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دینے والا وعدہ پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، 21 لاکھ گھر سندھ میں بنائیں گے اور ان کو سولر پاور پر منتقل کریں گے، سندھ سے شروع ہونے والا منصوبہ پورے ملک میں لے کر جائیں گے، سیلاب پنجاب میں بھی آیا، لیکن وہ بہت نقصان ہوا ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف اتنے عرصے کے بعد واپس آرہے ہیں، الیکشن جتنے جلدی ہو سکیں کروائے جائیں، ن لیگ کے جو وزراء ہمارے ساتھ تھے وہ کہاں غائب ہوگئے ہیں، ن لیگ والے میاں صاحب خوش آمدید کی وال چاکنگ تو کرواتے، ن لیگ کے دور میں وزراء بننے والوں کا امتحان ہے، ہمارا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے، ن لیگ کے دور میں وزیر بننے والے رہنماؤں کو محنت کرنی چاہیے، نواز شریف کی واپسی کیلئے تیاریاں ویسی نظر نہیں آرہیں جو ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ الیکشن کروائیں چاہے وہ ن لیگ جیتے یا پیپلز پارٹی یا کوئی اور جماعت، جب تک الیکشن شیڈول کا اعلان نہیں ہوتا تب تک ترقیاتی اسکیمیں تو چلنے دیں، میں الیکشن جیت رہا ہوں ترقیاتی کام تو بعد میں بھی کرواؤں گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب وزیر خارجہ تھا ہر فورم پر فلسطین کے عوام کیلئے آواز اٹھائی، فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور جو ہو سکا ہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، فلسطین کا مسئلہ پوری مسلم دنیا کا مسئلہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید