نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میٹرو بس اور اسپیڈو بس کے کرایوں میں 15 روپے اضافے کی سمری مسترد کر دی۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی تقریباً سوا ارب مسافروں کا ہدف عبور کر چکی ہے، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی 6 بس سروس سسٹم آپریٹ کر رہی ہے، اورنج لائن اور میٹرو ٹرین پر روزانہ 25 ہزار طلبہ مفت سفر کر رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے بسوں کے کرایوں میں اضافے کی سمری پیش کی گئی۔
وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے میٹرو بس اور اسپیڈو بس کے کرایوں میں 15 روپے اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریونیو میں اضافے کے لیے نئے اور منفرد انداز سے کام کیا جائے۔
اجلاس میں لاہور ریلوے اسٹیشن تا گرین ٹاؤن الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دی گئی۔
ورلڈ بینک کے تعاون سے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 27 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران اسلام آباد و راولپنڈی میٹرو بس سروس کے لیے بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی اور لاہور میں میٹرو بس ٹریک کی تعمیر و مرمت کا حکم دیے ہوئے الیکٹرک بس سروس کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
اس دوران قذافی اسٹیڈیم اور شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش سمیت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹیو بسیں چلانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔