مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے سعودی عرب پہنچ جانے کی خبروں میں صداقت نہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف اس وقت لندن میں ہیں اور کل 11 اکتوبر کو لندن سے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
اُنہوں نے بتایا کہ نواز شریف کی سعودی عرب میں اعلیٰ حکّام سے ملاقاتیں طے نہیں، یہ ان کا نجی دورہ ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ نواز شریف سعودی عرب میں عمرہ ادا کریں گے، ان کا زیادہ قیام مدینہ منورہ میں ہو گا اور کچھ وقت وہ اپنے بیٹے حسین نواز کے ساتھ گزاریں گے اور پھر 21 اکتوبر سے 2 روز قبل متحدہ عرب امارت پہنچیں گے۔
اُنہوں نے بتایا کہ نواز شریف متحدہ عرب امارات سے پاکستان روانہ ہوں گے، وہ قطر اور چین کا دورہ نہیں کریں گے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ نواز شریف کے چین اور قطر سے ذاتی اور سفارتی رابطے ہیں لیکن ان کا قطر کا دورہ پلان نہیں اور نہ ہی چین کا کوئی دورہ ابھی طے ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ن لیگ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر قائم ہے اور نواز شریف کی لاہور میں تقریر عام لیڈر کی نہیں بلکہ ایک سیاسی مدبر کی ہو گی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ پارلیمنٹ کی بالادستی کے نظریے پر بھی قائم ہے اور مہنگائی، بے روزگاری، عوام کی مشکلات کا خاتمہ نواز شریف کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔