غزہ پر اسرائیل نے پانچویں روز بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حماس کے مطابق غزہ پر رات بھر کے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 فلسطینی شہید ہوئے ہیں، اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، مساجد، دکانوں اور فیکٹریوں کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق طیاروں نے گزشتہ رات غزہ میں 200 مقامات کو نشانہ بنایا جبکہ شمال میں آج صبح حماس کے 80 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہلاک 14فوجیوں کی شناخت ظاہر کردی ہے جبکہ حماس کے حملے میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 170 ہوگئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کے حملے میں اب تک 12 سو سے زائد اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔
علاوہ ازیں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں زخمیوں، اسپتالوں اور ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔
دوسری جانب فلسطینیوں پر بمباری کے لیے امریکی اسلحے سے بھرا طیارہ بھی اسرائیل پہنچ گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ہتھیار جنوبی اسرائیل کے ایک ایئر بیس پر پہنچائے گئے تاہم ان کی اقسام کے حوالے سے فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ اسلحہ اہم فوجی کارروائیوں میں سہولت فراہم کرے گا۔