کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اس دوران پیش آیا جب 2 منزلہ عمارت پر تیسری منزل کی چھت ڈالی جا رہی تھی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ عمارت کے ملبے سے 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے 3 افراد زیرِ علاج ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے، حادثے کی جگہ پر رش کے باعث ریسکیو اہل کاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملبے سے لوگوں کو نکالنے کے لیے مشینری طلب کی گئی ہے۔
واقعے کے عینی شاہد مزدور مولا بخش نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 3 دن سے اس عمارت میں کام کر رہے تھے، 8 سے 10 مزدور عمارت میں کام کر رہے تھے۔
مولا بخش کا کہنا ہے کہ اب بھی ہمارے دیگر افراد عمارت میں دبے ہوئے ہیں۔