اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیں بہت زیادہ جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم یہ نقصان ہمیں نہیں روکے گا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ میں لڑائی میں شدت آئے گی، 3 لاکھ ریزرو فوج غزہ کی سرحد پر بھجوا دی گئی ہے، لڑائی میں شدت آنے کے بعد بھی اسرائیل کی حمایت جاری رہنے کی امید ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے 24 گھنٹوں میں تیسری مرتبہ رفاہ کراسنگ پر بمباری کی ہے، رفاہ کراسنگ غزہ اور مصر کے درمیان واحد انسانی راہداری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں محصور فلسطینی رفاہ کراسنگ کو غزہ آنے اور جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں فلسطینی اہلکار کا کہنا ہے کہ غزہ کے واحد پاور پلانٹ میں 10 سے 12 گھنٹے کا ایندھن بچا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے پیر کو غزہ کو دی جانے والی بجلی کی سپلائی منقطع کر دی تھی۔
کشیدگی سے متعلق ایک یونیورسٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ میں اسلامک یونیورسٹی پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں یونیورسٹی کی عمارت کے کچھ حصے مکمل تباہ ہو گئے۔