• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری فوری طور پر اسرائیلی بمباری رکوائے، شہباز شریف

پاکستان  مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی برادری فوری طور پر اسرائیلی بمباری رکوائے، صیہونی ریاست عالمی قانون اور انسانیت کی تمام حدیں پا مال کر چکی ہے۔

شہباز شریف  نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے ورنہ دنیا راکھ کا ڈھیر بن جائے گی،  صیہونی ریاست دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسپتالوں کو خالی کروانا اور صحافیوں کو نشانہ بنانا قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے، سات دہائیوں سے ایک قابض فوج فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرواتی تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے، سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے تاکہ بے گناہوں کا بہتا لہو روکا جا سکے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ او آئی سی فلسطینیوں کے لیے پانی، خوراک، ادویات کی فوری فراہمی شروع کرے، تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں،  بے گھر فلسطینیوں کے لیے پناہ گاہوں کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ موجودہ حالات اسلامی دنیا کا بھی امتحان ہے، القدس الشریف دارالحکومت کی حامل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔

قومی خبریں سے مزید