لاہور (اے پی پی) مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف پاک سرزمین کو دوبارہ امید اور یقین دینے آ رہے ہیں،21 اکتوبر سے پاکستان میں سیاست کا رنگ اور ماحول بدل جائیگا۔ اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مینار پاکستان پر 21 اکتوبر کو مسلم لیگ( ن ) نواز شریف کی قیادت میں ایک نئی تاریخ رقم کریگی، مینار پاکستان پرنواز شریف کی تقریر روشن ،پر امن اور معاشی مستقبل کی نوید ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ21 اکتوبر عوام کی مایوسیوں کے خاتمے کا دن ہوگا اور امید و یقین کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کی ترقی کا دور واپس آرہا ہے، اگر پاکستان میں 2018 سے2022 تک کا تجربہ نہ کیا گیاہوتا اور ایک ناتجربہ کار شخص کے ہاتھ میں ملک کی باگ ڈور نہ دی ہوتی تو قوم مایوس اور ملکی معیشت مسائل کا شکار نہ ہوتی۔