پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پنجرہ نما کمرے میں رکھا گیا ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیل میں سماعت کو دوبارہ عدالت میں چیلنج کرنے جا رہے ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ عدالت کو بتایا کہ بغیر چالان فردِ جرم عائد نہیں ہو سکتی، چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 مئی کے واقعات میں پھنسانے کی کوشش ہو رہی ہے، 22 افراد کے ذریعے بیانِ حلفی لیے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی کے ملٹری کورٹ ٹرائل کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ آج سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فردِ جرم عائد نہیں ہو سکی ہے۔
گزشتہ سماعت پر چالان کی نقول تقسیم نہ ہونے پر فردِ جرم کی کارروائی نہیں ہو سکی تاہم آج عدالت نے ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کر دیں اور سائفر کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔