پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف شکست اور خراب کاکردگی پر تنقید تو ہونا تھی لیکن ہم صرف بھارت کو شکست دینے نہیں آئے اولین ترجیح سیمی فائنل میں پہنچنا ہے۔
بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں محمود نواز نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ 6، 7 میچز سے ان سے اچھی پرفارمنس نہیں ہو رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں شکست ماضی کا حصہ بن گئی، ہمیں یہ سب بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا، بھارت کے خلاف میچ میں سب کی امید بڑھ جاتی ہیں۔
آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کی عوام کو اس میچ میں بڑی توقع ہوتی ہے کیونکہ بڑا میچ ہوتا ہے، اس میچ میں جو اچھا کھیلے وہ ہیرو بن جاتا ہے، جس طرح ہم بھارت سے ہارے اس پر تنقید تو ہونا تھی اور غصہ بھی آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں صرف بھارت کو شکست دینے نہیں پہنچی ہے، ابھی ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا، 6 میچز باقی ہیں، آسٹریلیا کے خلاف جیت کر اعتماد بحال کریں گے۔
محمد نواز نے کہا کہ آسٹریلیا نے کم بیک کیا ہے، اندازہ ہے دونوں ٹیموں کے لیے میچ بہت اہم ہے، پاکستان آسٹریلیا کے خلاف جیت کر سیمی فائنل کی راہ ہموار کرنا چاہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اولین ترجیح سیمی فائنل میں پہنچنا ہے اور 6 میچز جیت کر منزل آسان کریں گے۔
آل راؤنڈر نے تسلیم کیا کہ چھ سات میچز سے ان کی کاکردگی اچھی نہیں رہی لیکن اس قبل مڈل اوور میں وکٹیں بھی لے رہے تھے اور رنز بھی بن رہے تھے کوشش ہوگی جو کمی ہے اس کو دور کریں فلیٹ پیچز ہیں یہاں رنز زیادہ بنیں گے لیکن مڈل اوور میں وکٹیں لینا ہوں گی۔