پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے ورلڈکپ میں بھارت سے شکست پر ردعمل دیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں سعود شکیل نے کہا کہ بڑا میچ ہار کر مایوسی تو ہوتی ہے، بھارت والا میچ گزر گیا، وہ ایک برا دن تھا۔
انہوں نے کہا کہ احمدآباد میں جو ہوا، اس کو وہیں چھوڑ کر نئے حوصلے کے ساتھ آئے ہیں، اب یہی ہے کہ بھارت والا میچ بھول کر آسٹریلیا سے مقابلے پر فوکس کریں۔
مڈل آرڈر بیٹر نے مزید کہا کہ اگلے میچ کےلیے فوکسڈ ہیں، آسٹریلیا کے خلاف میچ جیت کر ورلڈ کپ میں اپنی پوزیشن مستحکم کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع میں اچھی کرکٹ کھیلی، دو میچز جیتے، ہدف یہی ہے کہ یہاں پر آئے ہیں تو ورلڈ کپ جیت کر جائیں۔
سعود شکیل نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا کا بھی آغاز اچھا نہیں ہوا، ان پر بھی پریشر ہوگا، ہم کوشش کریں گے کہ اپنی اسٹرینتھ کے مطابق کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کےلیے خود کو تیار کرنےکےلیے کافی محنت کی ہے، مجھے اندازہ تھا کہ کس پوزیشن پر میری جگہ بن سکتی، اس حساب سے تیاری کی۔
مڈل آرڈر بیٹر کا کہنا تھا کہ خواہش یہی تھی کہ وائٹ بال بھی کھیلوں اس حساب سے شاٹس کی پریکٹس کی۔
اُنہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ میچ وننگ اور متاثر کن پرفارمنس دے کر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کروں، میدانوں میں اپنا کراؤڈ مس کرتے ہیں، ایک موقع پر میڈیا کو بھی مس کیا۔