میر پور خاص تعلیمی بورڈ نے انکشاف کیا ہے کہ انٹر بورڈ کراچی کے امتحانات میں حصہ لینے والے 19طلبہ کی مارک شیٹس جعلی نکلیں۔
میر پور خاص تعلیمی بورڈ کے مطابق جب کراچی بورڈ نے مارک شیٹس کی تصدیق کے لیے متعلقہ تعلیمی بورڈ سے رجوع کیا تو معاملہ کھلا، 17 امیدواروں نے میر پورخاص بورڈ کی دسویں، گیارہویں جماعت کی جعلی مارک شیٹس استعمال کیں۔
میر پور خاص بورڈ کا کہنا ہے کہ 2 امیدواروں نے سکھر تعلیمی بورڈ کی جعلی مارک شیٹس استعمال کیں، جعلی مارک شیٹس استعمال کرنے والے امیدواروں میں طالبات بھی شامل ہیں۔
ناظمِ امتحانات انور علیم کا کہنا ہے کہ ان امیدواروں کا میر پور خاص تعلیمی بورڈ میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں، متعلقہ اداروں کو بھی جعلی مارک شیٹس سے متعلق مطلع کیا جا رہا ہے۔