توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کر دی گئی۔
سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے وکلاء نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں درخواست جمع کرائی۔
توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم کے وکلا نے احتساب عدالت اسلام آباد میں درخواست دائر کی جس میں دائمی وارنٹ معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دائمی وارنٹ 24 اکتوبر تک معطل کیے جائیں۔
واضح رہے کہ نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں اشتہاری ہیں، ایون فیلڈ ریفرنس میں ان کو 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت نے 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، ان کی سزا کے خلاف دونوں اپیلیں عدم پیروی پر مسترد ہو گئی تھیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے اپیلیں خارج کی تھیں۔